لاہور میں بادلوں کا راج،بارش سے متعلق اہم پیشگوئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شہر میں بادلوں کے باعث دھوپ کی شدت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جس سے گرمی سے پریشان شہریوں نے کسی حد تک سکھ کا سانس لیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بارش کا کوئی امکان نہیں تاہم کل شہر میں 40 فیصد بارش متوقع ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
شہر میں اس وقت 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث موسم میں قدرے بہتری محسوس کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ لاہور میں آج یو وی انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے، اس لیے بزرگ، بچے اور بیمار افراد دوپہر 12 بجے سے 3 بجے کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
ماہرین نے شہریوں کو زیادہ پانی پینے، دھوپ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہننے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ادھر فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک رہی، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 162 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔



