سکھر میں ’جمالو ٹرین‘ منصوبہ آخری مرحلے میں داخل، محرم سے قبل افتتاح کا اعلان

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے ڈی ایس ریلوے فرحان غنی کے ہمراہ سکھر ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیاجہاں انہوں نے جمالو ٹرین منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا اور اہم اعلانات کیے۔
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمالو ٹرین کا افتتاح یکم محرم الحرام تک کردیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ پہلی انٹر ڈسٹرکٹ دائروی ٹرین سروس ہوگی جو ڈسٹرکٹ کونسل اور ریلوے حکام کے مشترکہ تعاون سے شروع کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جمالو ٹرین کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے جبکہ اس منصوبے میں سکھر ڈسٹرکٹ کونسل اور تمام ٹاؤن کمیٹیز بھی شامل ہوں گی۔
سید کمیل حیدر شاہ کے مطابق اسکول کے بچوں اور مزدوروں کے لیے جمالو ٹرین کا سفر مفت ہوگا جبکہ ٹرین روہڑی لوکو شیڈ سے شکارپور کی آخری حدود تک چلائی جائے گی۔ عوام کو سستی ’’پک اینڈ ڈرائیو‘‘ سفری سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سکھر اور روہڑی میں بڑھتے ٹریفک مسائل کے پیش نظر یہ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے اور جمالو ٹرین کی بوگیاں تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔ اس کے ساتھ شہریوں کے لیے سکھر سے روہڑی تک فری الیکٹرک کوسٹر سروس بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
سیاسی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 28 ویں ترمیم کے حوالے سے انہیں یا پارٹی کی سینئر قیادت کو کوئی معلومات نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کبھی بھی سندھ کی تقسیم کی حمایت نہیں کرے گی اور سندھ کے عوام کے حقوق کے لیے ہمیشہ کھڑی رہے گی۔



