ٹیل آبادگار ایسوسی ایشن بدین کا اجلاس،مسائل پرغوروفکر

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)ٹیل آبادگار ایسوسی ایشن بدین کا اجلاس بدین کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، جس میں ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے آبادگاروں، سماجی رہنماؤں اور زرعی ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت سابق ضلع وائس چیئرمین عزیز دیرو نے کی، جبکہ عبدالغفور چانڈیو، ڈاکٹر نواز لنڈ، خلیفہ طارق میمن، سید خالق دیدنو شاہ، محمد اسلم ملاح، گل محمد گرگیز، بختاور جمالی، شازیہ احمدانی، مولوی عطاء اللہ بروہی، فقیر کمال الدین بجیر، محمد اسحاق لنڈ، نور احمد میمن، محمد سلیم آرائیں، ظفر حسین حیدری، ایم سومار ملاح، ماجد حسین سموں، فدا حسین درس، سراج الدین مہران پوٹو اور دیگر نے شرکت کی

اجلاس میں پانی کی قلت اور ٹیل آبادگاروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے اکرم واہ کی بحالی (ری ہیبلیٹیشن) کے کام میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اکرم واہ کی بحالی کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ ٹیل آبادگاروں میں بڑھتی ہوئی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے اجلاس میں کہا گیا کہ پانی کی شدید قلت کے باعث فصلیں تباہ ہو رہی ہیں، اور آبادگاروں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے پانی کے حصے میں اضافہ کیا جائے اور گڈو بیراج پر پانی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کی جائے۔ مزید مطالبہ کیا گیا کہ محکمہ آبپاشی کے دفاتر ٹنڈو محمد خان کے بجائے بدین منتقل کیے جائیں ٹیل آبادگار رہنماؤں نے محکمہ آبپاشی میں موجود بدانتظامی اور غفلت کو ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اکرم واہ سمیت بدین کے تمام ٹیل علاقوں تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر آبادگار سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button