گرڑی اسٹاپ پر محنت کش پر قاتلانہ حملہ، زخمی حالت میں چھوڑ کر ملزمان فرار

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تعلقہ کلوئی کے گاؤں گرڑی کے رہائشی محنت کش لیمون مل میگھواڑ پر مبینہ طور پر جرار برادری سے تعلق رکھنے والے 10 سے 12 مسلح افراد نے قاتلانہ حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق لیمون مل میگھواڑ روزانہ کی طرح اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے قریبی گاؤں روہیلو میں مزدوری کرنے کے بعد شام کے وقت واپس گاؤں لوٹ رہا تھا کہ گرڑی اسٹاپ پر پہلے سے موجود حملہ آوروں نے اچانک اس پر دھاوا بول دیا، اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور مرنے کے لیے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ دیہاتیوں اور علاقہ مکینوں نے اس کھلی غنڈہ گردی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی تھرپارکر سہائی عزیز اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرکے غریب عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
علاقے کے معززین کا کہنا ہے کہ ملزمان اس سے قبل بھی کئی بار ایسے حملوں میں ملوث رہے ہیں، لیکن ان کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث علاقے میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔
دوسری جانب واقعے کا نوٹیس لیتے ہوئے بلاول ھائوس کے ترجمان سریندر ولاسائی نے ایس ایس پی تھرپارکر کو ہدایت دی ہے کہ واقعہ کی ایف آء آر درج کرکے شفاف انکرائری کی جائے۔



