جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے، 10 افراد شہید

بیروت(جانوڈاٹ پی کے)جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے جنوبی لبنان میں حملے جاری ہیں جس میں مزید 10 افراد شہید ہوگئے۔
لبنان کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ جمعے کے روز اسرائیلی حملوں میں کم از کم 10 افراد شہید ہوئے، جن میں 6 امدادی کارکن اور ایک بچی شامل ہیں۔
لبنان کی وزارتِ صحت کے بیان کے مطابق صور شہر کے قریب ہونے والے ایک حملے میں 6 افراد شہید ہوئے، جن میں رسالہ اسکاؤٹس تنظیم کے 2 امدادی کارکن اور ایک شامی بچی شامل ہیں۔
اس سے قبل جنوبی قصبے ہناوے پر ہونے والے ایک اور اسرائیلی حملے میں حزب اللہ سے منسلک اسلامی ہیلتھ کمیٹی کے 4 امدادی کارکن شہید ہوئے۔
یہ ہلاکتیں ایسے وقت ہوئیں جب جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حملے جاری ہیں۔
ادھر اسرائیلی فوج نے جمعے کی صبح کہا کہ اس نے سرحد کے قریب 2 افراد کو ہلاک کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق آئی ڈی ایف کی نگرانی میں 2 مسلح افراد کو اسرائیلی حدود سے چند سو میٹر کے فاصلے پر مشکوک انداز میں حرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد فضائی حملے میں انہیں نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا گیا۔
دوسری جانب حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے لبنان کے اندر اور سرحد کے قریب شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوجی دستوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا۔



