ایبولا وائرس کا پھیلاؤ محدود، پاکستان میں خطرہ انتہائی کم، وزارت صحت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزارت صحت نے کہا ہے کہ حالیہ ایبولا وائرس وبا کا موجودہ پھیلاؤ کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے اور افریقہ سے باہر کسی بھی ملک میں ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

وزارت صحت کے مطابق متاثرہ افریقی ممالک سے محدود سفری روابط کے باعث پاکستان میں اس وائرس کا خطرہ انتہائی کم ہے۔ پاکستان یا ہمسایہ ممالک میں بھی کبھی ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے احتیاطی نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی ہے تاہم کسی قسم کی سفری پابندیوں کی سفارش نہیں کی گئی۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وزیر صحت کی ہدایت پر ملک میں پیشگی حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور تمام متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ائیرپورٹس پر نگرانی مزید مؤثر بنائی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز اور صوبائی اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

وزارت صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ افریقی ممالک کا سفر کرنے والے افراد روانگی سے قبل صحت اور سفری ہدایات کا ضرور جائزہ لیں۔

مزید خبریں

Back to top button