ایکس نے نان پریمیم صارفین کیلئے نئی پوسٹنگ حدود متعارف کرا دیں

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) نے اپنے نان پریمیم صارفین کے لیے نئی حدود متعارف کرا دیں۔

متعارف کرائی گئی نئی پابندیوں کے مطابق نان پریمیم صارفین روزانہ اب صرف 50 پوسٹ کر سکیں گے، اس سے پہلے انہیں 2400 پوسٹ کرنے کی اجازت تھی۔ اس کے علاوہ صارفین روزانہ 200 رپلائی، 500 ڈائریکٹ میسج اور 400 اکاؤنٹس کو فالو کر سکیں گے جبکہ ایک گھنٹے میں چار بار ہی اپنا ای میل بدل سکیں گے۔

یہ پابندیاں پلیٹ فارم پر موجود اسپیمرز اور غیر ضروری مواد کے خلاف عمل میں لائی گئی ہیں۔ کمپنی کا خیال ہے کہ ایسا کرنے سے خود کار بوٹس کے نیٹ ورکس پر قابو کرنے میں مدد ملے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 80 فی صد صارفین پلیٹ فارم پر صرف مواد دیکھتے ہیں اور خود زیادہ پوسٹنگ نہیں کرتے، اس لیے عام صارفین پر ان پابندیوں کے اثرات محدود رہنے کا امکان ہے۔

تاہم صحافیوں، انفلوئنسرز، برانڈ مینیجرز اور دیگر ’پاور یوزرز‘ کے لیے یہ تبدیلی اہم ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ وہ دن بھر میں بڑی تعداد میں پوسٹس اور جوابات دیتے ہیں۔ ایسے صارفین کے لیے اب پریمیم سبسکرپشن لینا ضروری ہوجائے گا۔

اگر کوئی غیر تصدیق شدہ صارف مقررہ حد سے زیادہ پوسٹس یا رپلائیز کرنے کی کوشش کرے گا تو سسٹم اسے الرٹ جاری کرے گا، جس میں بتایا جائے گا کہ روزانہ کی حد مکمل ہو چکی ہے۔ اس کے بعد صارف کو دوبارہ سرگرمی کے لیے انتظار کرنا ہوگا یا پھر پریمیم رکنیت حاصل کرنا ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button