سعد ایدھی اسرائیلی حراست سے رہا،استنبول پہنچ گئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے کے بعد اسرائیل کی جانب سے حراست میں لیئے گئے سعد ایدھی سمیت دیگر افراد کو رہا کروا لیا گیا، سعد ایدھی دیگر افراد کے ساتھ استنبول پہنچ گئے ۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مشترکہ کوششوں سے سعد ایدھی اسرائیلی غیرقانونی حراست سے رہا ہو گئے ہیں،اسرائیلی افواج نے سعد ایدھی کو گلوبل صمد فلوٹیلا سے حراست میں لیا تھا،سعد ایدھی اسرائیلی حراست سے رہا دیگر افراد کیساتھ بحفاظت استنبول پہنچ گئے۔
اسحاق ڈار کا کہناتھا کہ ترکیہ حکومت کا تہہ دل سےشکریہ ادا کرتے ہیں جس نےمحفوظ استنبول واپسی یقینی بنائی، انسانی حقوق کے کارکنوں کی حراست اور اسرائیلی قابض افواج کے غیرانسانی سلوک کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی قابض افواج کا یہ غیر انسانی سلوک قطعی طور پر ناقابل قبول ہے،پاکستان اپنے فلسطینی بھائی بہنوں کی غیرمتزلزل حمایت کرتا ہے اور کرتا رہے گا۔
اسرائیل سے رہائی کے بعد سعد ایدھی نے پہلا ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ استنبول میں پاکستانی قونصلیٹ نے ہمیں ریسیو کیا، 3 دن تک ہمیں کشتی میں قید رکھا گیا، چوتھے دن اسرائیل منتقل کیا گیا، 3 دن سونے نہیں دیا، فرش پر پانی چھورتے تھے، روزانہ صرف آدھ لیٹرپانی ملتا تھا، شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جسم پر ابھی تک نشان ہیں۔



