انمول عرف پنکی کیس: تفتیش میرٹ پر جاری، پشت پناہی سے متعلق فیصلے شواہد کے بعد ہوں گے، ایڈیشنل آئی جی کراچی


کراچی (جانوڈاٹ پی کے)کراچی کے ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے کہا ہے کہ منشیات کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی تفتیش مکمل ہونے تک کسی بھی کردار یا پشت پناہی سے متعلق حتمی بات نہیں کی جا سکتی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ یہ کیس ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے جسے مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق پولیس پر کسی قسم کا سیاسی یا انتظامی دباؤ نہیں ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ملزمہ کے وکیل کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں پیش کیے گئے بعض دعووں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق وکیل نے جسمانی ریمانڈ سے متعلق کیس میں شکوک پیدا کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے مزید بتایا کہ تفتیش کے دوران اگر کوئی بااثر نام یا نیٹ ورک سامنے آیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت پیشی کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی غفلت کے معاملے پر متعلقہ افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جا چکی ہے تاکہ تفتیش کی شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔