منشیات سے منی لانڈرنگ کیس: لاہور ہائیکورٹ نے رمشاء اور ماریا کی عبوری ضمانت خارج کر دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ میں منشیات کی آمدن سے منی لانڈرنگ کے ذریعے جائیدادیں بنانے کے الزام سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ملزمہ رمشاء اور ماریا کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔
جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اے این ایف کی جانب سے وکیل یاسر صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ 19 فروری 2026 کو منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور ملزمان نے منشیات کی فروخت سے حاصل رقوم کے ذریعے جائیدادیں بنائیں، جو قانون کے مطابق منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔
اے این ایف کے مطابق ملزمان کی والدہ بھی منشیات کیس میں جیل میں ہیں جبکہ خاندان کی دیگر افراد کے خلاف بھی مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔ استدعا کی گئی کہ شواہد کی روشنی میں ضمانت خارج کی جائے۔
دوسری جانب درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جائیدادیں والد کی جانب سے وراثت میں ملی تھیں اور بعد ازاں انہیں فروخت کر کے نئی جائیدادیں خریدی گئیں۔ وکیل نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ضمانت منظور کرنے کی درخواست کی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔



