نئی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں، امریکا کو ایرانی بحری جہازوں کیخلاف ‘بحری قزاقی’ کو ختم کرنا ہوگا،ایران

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے نئی تجاویز موصول ہوئی ہیں ، ایران نئی امریکی تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے،  ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات پاکستانی ثالثوں کے ذریعے جاری ہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہم بنیادی طور پر جو چاہتے ہیں وہ ہمارا مطالبہ نہیں بلکہ ہمارے حقوق ہیں،ایران پر امریکی پابندیاں ہٹانا بھی ہمارے مطالبات میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کو اپنی نیک نیتی کا ثبوت دینا ہوگا، امریکا کو ایرانی بحری جہازوں کے خلاف ‘بحری قزاقی’ کو ختم کرنا ہوگا۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت امریکا کے نقطہ نظر کا جائزہ لے رہا ہے، ایران اور امریکا کے درمیان ایران کے 14 نکات کی بنیاد پر پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے وزیر داخلہ پیغامات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنےکےلیے ایران میں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمان اور بین الاقوامی اداروں کےساتھ ہم آہنگی سے آبنائے ہرمز کی پائیدار سلامتی یقینی بنانےکے لیے میکنزم قائم کرناچاہتے ہیں۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ  ایران دیگر ممالک کےتعاون سےمحفوظ بحری آمدورفت کے پروٹوکول قائم کرنےکے لیے تیار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button