یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری اور دفاعی قوت کی علامت ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری، دفاعی مضبوطی اور قومی وقار کی یاد دلاتا ہے، جسے قومی جذبے کے ساتھ منانا ضروری ہے۔
لاہور میں جنرل کیڈرز ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، علامہ اقبال میڈیکل کالج اور جناح ہسپتال کے زیر اہتمام قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ایٹمی صلاحیت حاصل نہ کرتا تو بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم رکھنے کی کوشش کرتا رہتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت اور سیاست میں پاکستان مخالف بیانیہ نمایاں رہا ہے، جبکہ اکھنڈ بھارت جیسے نعرے خطے کے امن کے لیے خطرناک سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مضبوط دفاع ناگزیر ہوتا ہے۔
ملک محمد احمد خان نے واضح کیا کہ وہ جنگ کے مخالف ہیں کیونکہ جنگ تباہی، انسانی جانوں کے نقصان اور ماحول کی بربادی کا باعث بنتی ہے، تاہم اگر پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کو چیلنج کیا جائے تو بھرپور دفاع ضروری ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت صرف جنگ کے لیے نہیں بلکہ امن کے توازن اور دفاعی استحکام کی ضمانت بھی سمجھی جاتی ہے، جبکہ ایٹمی جنگ کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
خطاب کے دوران انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور یورینیم افزودگی کے عالمی تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا آج بھی ایٹمی طاقت کے معاملے پر انتہائی حساس رویہ رکھتی ہے۔



