پنجاب اور آذربائیجان کے درمیان اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں تعاون پر اتفاق


باکو(جانوڈاٹ پی کے) آذربائیجان اور حکومتِ پنجاب کے درمیان جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیجیٹل گورننس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مشیر علی ڈار نے آذربائیجان کی انوویشن اینڈ ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ ایجنسی (IDDA) کے حکام سے اہم ملاقات کی، جس میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اے آئی پر مبنی گورننس، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، انوویشن اور سمارٹ ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا، جبکہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مشترکہ حکمتِ عملی پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
آذربائیجان کے آفس آف اے آئی اور آئی ڈی ڈی اے کی جانب سے پنجاب حکومت کے ساتھ طویل المدتی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔