ایران نے متحدہ عرب امارات کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر خبردار کر دیا

تہران (ویب ڈیسک) ایران نے متحدہ عرب امارات کو اسرائیل کے ساتھ گہرے تعلقات سے خبردار کردیا۔
قطری میڈیا کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کے ملٹری سیکرٹری محسن رضائی نے متحدہ عرب امارات کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات مزید گہرے کرنے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران نے ابوظہبی کے ساتھ دوستی کے دروازے بند نہیں کیے لیکن انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ایران کے صبر کی حد ہے ۔
محسن رضائی نے کہا کہ ایران متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات سے آگاہ ہے ، اسے اسرائیل کی سازشوں میں نہیں الجھنا چاہئے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے سابق چیف محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکہ خطے کے دیگر ممالک کو ایران سے ڈرانے کے ایجنڈے پر گامزن ہے، ہم خطے کے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کے خواہاں ہیں، آبنائے ہرمز تجارت کیلئے کھلا ہے لیکن لشکر کشی اور بدامنی پھیلانے والوں کیلئے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب امریکہ نے سوویت یونین کے خلاف خطے میں بحری بیڑے بھیجے تھے، امریکہ اب کس کیخلاف بحری بیڑے بھیج رہا ہے اور اس کا دشمن کون ہے؟
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے مطابق چینی صدر نے کہا ہے کہ ہم بھی یہ چاہتے ہیں کہ ایران ایٹم بم نہ بنائے، میں پوچھتا ہوں کہ ایران نے کب کہا ہے کہ ہم ایٹم بم بنانا چاہتے ہیں؟ امریکہ و اسرائیل کے علاوہ اور کون ہے جو کہتا ہے کہ ایران ایٹم بم بنانا چاہتا ہے؟
رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور امریکا کی ایران کے خلاف جنگ کے دوران یو اے ای ایران کے شدید حملوں کی زد میں رہا، جبکہ حالیہ اطلاعات سے یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ یو اے ای نے ممکنہ طور پر جوابی کارروائیاں بھی کیں۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے متحدہ عرب امارات کو ایران مخالف کارروائیوں میں براہِ راست ملوث قرار دیا تھا اور کہا تھا یکجہتی کی خاطر متحدہ عرب امارات کا نام نہیں لیا، جب ایران پر حملے شروع ہوئے تو متحدہ عرب امارات نے مذمت تک نہیں کی، ایران سے متعلق متحدہ عرب امارات اپنی پالیسی پر نظرِثانی کرے۔
یاد رہےکہ گزشتہ دنوں اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران جنگ کے دوران متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ کیا اور اماراتی صدر سے ملاقات کی تاہم یو اے ای نے ایران جنگ کے دوران اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ امارات کی تر دید کی۔



