گلاسگو: قونصل جنرل پاکستان نے معرکہ حق جوش و خروش سے منایا

گلاسگو (ویب ڈیسک) معرکہ حق کی تاریخی فتح کے ایک سال مکمل ہونے پر سکاٹ لینڈ میں قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید نے گلاسگو میں معرکہ حق بنیان المرصوص بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا۔
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے بتایا کہ معرکہ حق کے بعد دنیا میں پاکستان کا ایک نیا طاقتور امیج ابھر کر سامنے آیا ہے، جس کا کریڈٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت، تمام مسلح افواج، حکومت پاکستان اور عوام کو جاتا ہے، اب دنیا کے کئی ممالک اپنے دفاع کے لئے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
سید قمر رضا نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہر سال مختلف طریقوں سے مجموعی طور پر پاکستان کوتقریباً اسی ملین پاؤنڈ کا زرمبادلہ بھیجتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں اور حکومت پاکستان ان کو ہر قسم کی سہولتیں مہیا کر رہی ہے، آپ آگے بڑھیں اور بہترین منافع کمانے کے ساتھ اپنے آبائی ملک کی بھی خدمت کریں، پہلے ہم نے معرکہ حق جیتا ہے اب معرکہ معیشت جیتنا ہوگا۔
ممبر قومی اسمبلی اور وفاقی پارلیمنٹری سیکرٹری برائے اوورسیز پاکستانیز احسان الحق باجوہ نے کہا کہ جنگ میں عبرتناک شکست کے بعد بالکل مایوس ہو کر نریندر مودی نے امریکی صدر ٹرمپ کو فون کر کے منتیں کیں کہ وہ جنگ بند کرائیں، بھارت کو پتا ہی نہ چل سکا کہ اس کے ساتھ ہوا کیا ہے۔
قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید نے کہا کہ بھارت جس کے پاس دنیا کا بہترین اسلحہ تھا اور پاکستان سے پانچ گنا بڑا ملک ہے، اسے بد ترین شکست دی، لیکن پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود ہمیشہ کی طرح اب بھی امن کا خواہاں ہے۔
ارشد محمود نے اپنے میوزیکل پروگرام کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کیا، تقریب میں نظامت کے فرائض شکیل زاہد نے ادا کیے ، پروگرام کا آغاز ڈاکٹر ادریس کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
پروگرام کے دوران ہال افواج پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حق میں نعروں سے گونجتا رہا۔



