چین اور امریکا کے درمیان طیاروں، جیٹ انجنز اور پرزہ جات کی خریداری کا معاہدہ طے

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)چین کی وزارت تجارت نے چین کی جانب سے امریکا کے ساتھ طیاروں، جیٹ انجنز اور متعلقہ پرزہ جات کی خریداری کے حوالے سے معاہدہ طے پانے کی تصدیق کردی۔
چینی میڈیا کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان چین کی جانب سے امریکی طیاروں کی خریداری اور امریکا کی طرف سے طیاروں کے انجنز اور پرزہ جات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ متعلقہ شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر بھی رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ معاہدے کے تحت کم از کم 200 طیارے امریکی کمپنی بوئنگ سے خریدے جائیں گے جبکہ 450 طیاروں کے انجنز جنرل الیکٹرک سے حاصل کیے جائیں گے۔
بوئنگ کمپنی نے بھی ایک مختصر بیان میں اس معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور 200 طیاروں کی ابتدائی خریداری پر اتفاق کیا گیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق حکام نے معاہدے کی مالیت یا طیاروں کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کی جبکہ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ 750 طیاروں تک بھی جا سکتا ہے۔
یہ اعلان امریکی صدر کے چین کے حالیہ دورے کے ایک روز بعد سامنے آیا، اس دورے میں امریکا کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان بھی شامل تھے جنہوں نے چینی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
چینی میڈیا کے مطابق اگر 200 طیاروں کی خریداری حتمی شکل اختیار کر لیتی ہے تو یہ 2017 کے بعد چین کی جانب سے بوئنگ کے لیے سب سے بڑا آرڈر ہوگا۔ 2017 میں ٹرمپ کے دورہ چین کے دوران 300 طیاروں کا معاہدہ 37 ارب ڈالر میں طے پایا تھا۔



