ڈس ایبل ویلفیئر ایسوسی ایشن خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے،سيد رياض حسين شاہ

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن )معرکۂ حق میں تاریخی فتح کی خوشی کے سلسلے میں دربار ہال ٹھٹھہ میں ڈس ایبل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اسپیشل افراد کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں صوبائی وزیر زکوٰۃ، عشر، اوقاف و مذہبی امور سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت تمغۂ امتیاز جاوید نے کی جبکہ نظامت کے فرائض سماجی و سیاسی رہنما حاجی محمد حنیف میمن نے انجام دیے۔

تقریب کے دوران 20 اسپیشل افراد میں جدید وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ ڈس ایبل ویلفیئر ایسوسی ایشن ملک بھر میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے اور ٹھٹھہ میں بھی ضرورت کے وقت وہیل چیئرز سمیت دیگر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے تنظیم کو ٹھٹھہ میں 200 ایکڑ اراضی فراہم کی جا رہی ہے، جہاں اسپیشل افراد کے لیے جدید تعلیمی و تربیتی ادارہ قائم کیا جائے گا تاکہ وہ باعزت زندگی گزارنے کے قابل بن سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زکوٰۃ کی جانب سے غریب خاندانوں کی بچیوں کی شادی کے لیے 30 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں، تاہم اس رقم میں اضافے کے لیے سندھ زکوٰۃ کونسل سے بات کی جائے گی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈائیلاسز کے مریضوں کے لیے 30 لاکھ روپے جبکہ سول اسپتال ٹھٹھہ میں ادویات خریدنے سے محروم مریضوں کے لیے خصوصی فنڈ بھی مختص کیا گیا ہے۔

ڈس ایبل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سربراہ تمغۂ امتیاز جاوید نے کہا کہ ٹھٹھہ میں قائم کیے جانے والے سینٹر میں اسپیشل بچوں کو معیاری تعلیم، جدید ہنر اور تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ نہ صرف ملک بلکہ بیرونِ ملک بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔

تقریب کے میزبان حاجی محمد حنیف میمن نے کہا کہ صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی سندھ بھر میں مستحق اور اسپیشل افراد کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں تاکہ انہیں زندگی کی تمام بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔

مزید خبریں

Back to top button