امریکی صدر کی گریٹ ہال آف دی پیپل آمد، چینی صدر کی جانب سے والہانہ استقبال، گارڈ آف آنر پیش

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کیلئے گریٹ ہال آف پیپل پہنچ گئے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی ہم منصب کا بیجنگ آمدپر خیر مقدم کیا، امریکی صدر ٹرمپ نے چینی ہم منصب سے مصافحہ، اس موقع پر وفود کا تعارف کروایا گیا، امریکی صدر ٹرمپ کو چینی افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

صدر ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں ایران جنگ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا، عالمی معیشت سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے، ٹیرف جنگ اور توانائی بحران کے بعد یہ پہلی بڑی ملاقات ہوگی۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے اشارہ دیا ہے کہ چین کو آبنائے ہرمز دوبارہ کھلوانے کیلئے ایران پر دباؤ ڈالنے میں زیادہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر بیجنگ اس بحران کے حل میں مدد کرے گا تو اس کے بدلے وہ امریکہ سے رعایتیں طلب کرے گا، جن کا تعلق تائیوان سے ہو سکتا ہے۔

لندن کی سٹی سینٹ جارج یونیورسٹی میں بین الاقوامی سیاست کے پروفیسر اندرجیت پرمار نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین، ایران پر دباؤ ڈال کر آبنائے ہرمز کھلوانے کے بدلے امریکہ سے تائیوان کی آزادی کی مخالفت کا مطالبہ کر سکتا ہے۔

قبل ازیں چین روانگی سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ صدر شی جن پنگ سے چین کو مزید کھولنے کی درخواست کروں گا تاکہ امریکی ٹیکنالوجی ماہرین چین کو مزید ترقی کی راہ پر لے جائیں۔

امریکی صدر کے وفد میں اہم شخصیات شامل ہیں، ٹیسلا کے بانی ایلون مسک، این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ وفد کا حصہ ہیں، ایپل کے سی ای او ٹم کک، بلیک راک سی ای او لیری فنک اور دیگر بھی وفد میں شامل ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل اپنے پہلے دورِ صدارت کے دوران 2017ء میں چین کا دورہ کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button