کراچی کے بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے 10 ارب روپے سے زائد فنڈز کی منظوری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے بنیادی انفرا اسٹرکچر کی بہتری کیلئے 10 ارب روپے سے زائد کی منظوری دیدی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کراچی میگا ڈویلپمنٹ پروجیکٹس پر اجلاس ہوا جس دوران کراچی میں ٹریفک کی روانی، سڑکوں کی بحالی اورٹرانسپورٹ نظام سمیت 10 میگا پروجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق مراد علی شاہ نے کراچی کے بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے 10 ارب روپے سے زائد کے فنڈز کی منظوری دی اور کراچی کے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عظیم پورہ سے لانڈھی مرتضیٰ چورنگی تک متبادل کوریڈور منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ کوریڈور منصوبہ 58 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت کا ہے اور منصوبے سے ٹریفک شاہراہ بھٹو منتقل ہونے پر رہائشی علاقوں کا دباؤ کم ہوگا جس پر وزیراعلیٰ نے وزیربلدیات کو ہدایت کی کہ منصوبہ منظوری کیلئے فوری پیش کیا جائے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کی بڑھتی آبادی اور ٹریفک کے دباؤ کے پیش نظر مربوط منصوبہ بندی اور ترقیاتی منصوبوں پر فوری کام کریں۔



