ملک میں گھریلو انٹرنیٹ کنکشنز 5.10 ملین تک پہنچ گئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں آئی ٹی سیکٹر کی پیش رفت اور ڈیجیٹل ترقی سے متعلق اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے مطابق ملک بھر میں گھریلو انٹرنیٹ کنکشنز کی تعداد 2024 میں 1.9 ملین سے بڑھ کر 2026 میں 5.10 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح اس مالی سال پاکستان سے 4.5 سے 4.6 ارب ڈالر تک آئی ٹی برآمدات متوقع ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ حالیہ 5G اسپیکٹرم نیلامی سے پاکستان کو 509 ملین ڈالر کا ریونیو حاصل ہوا، جبکہ یہ 2016 کے بعد دنیا کی سب سے بڑی نیلامیوں میں سے ایک قرار دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے انڈس اے آئی ویک کا انعقاد کیا گیا جس میں 30 شہروں اور 100 سے زائد بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button