ڈپٹی کمشنر کا ٹی ایچ کیو ہسپتال حویلی لکھا کا اچانک دورہ
صفائی کے ناقص انتظامات پر کنٹریکٹر کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد

دیپالپور(وسیم احمد غوری/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حویلی لکھا کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور مفت ادویات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور علاج معالجہ سمیت مفت ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ کنٹریکٹر کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ احمد عثمان جاوید نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی کے معیار کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور علاج معالجہ کے نظام میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔



