متحدہ عرب امارات نے بینک ملی ایران کی تمام شاخوں پر پابندیاں عائد کر دیں

دبئی (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے بینک ملی ایران کی ملک میں موجود تمام شاخوں کو ایران سے مالی لین دین، ٹریڈ فنانس اور رقوم کی منتقلی سے روک دیا ہے۔
اماراتی مرکزی بینک کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات میں نافذ قوانین، ضوابط اور نگران ادارے کے فیصلوں کی مبینہ خلاف ورزیوں کے بعد کیا گیا۔ پابندی کا فیصلہ بینک کی سرگرمیوں کے تفصیلی معائنے کے نتائج اور گورنر کو حاصل قانونی اختیارات کے تحت کیا گیا۔
مرکزی بینک کے مطابق خلاف ورزیوں میں منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور جوہری و دیگر حساس سرگرمیوں کے پھیلاؤ کی مالی معاونت سے متعلق قوانین اور تقاضوں کی عدم تعمیل بھی شامل ہے۔
نئے فیصلے کے تحت متحدہ عرب امارات میں بینک ملی ایران کی تمام شاخیں ایران سے متعلق مالی لین دین، ٹریڈ فنانس اور فنڈ ٹرانسفرز نہیں کرسکیں گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اگست میں بھی ایران کے ساتھ تجارتی اور مالی روابط محدود کیے تھے، جبکہ امریکی حکام نے اسی ماہ بینک ملی سے منسلک ایک شخص پر پابندیاں عائد کی تھیں۔
اماراتی مرکزی بینک نے کہا ہے کہ وہ ملک کے مالیاتی نظام کی سلامتی اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا عمل مزید مضبوط کرے گا اور مالیاتی اداروں سے بین الاقوامی معیار کے مطابق قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔



