پاکستان محافظ فورم ڈيپلو کی جانب سے “معرکۂ حق” ریلی، شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان محافظ فورم ڈیپلو کی جانب سے “معرکۂ حق” کے سلسلے میں ایک بڑی ریلی اللہ واپس چوک ڈیپلو میں نکالی گئی، جس میں شہریوں، تاجروں، سماجی رہنماؤں، صحافیوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی پاکستان محافظ فورم کے مرکزی سرپرست اعلیٰ صاحبزادہ ڈاکٹر عابد سلطان باہو اور مرکزی چیئرمین راجا سرور سومرو کی ہدایات پر منعقد کی گئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ “پاکستان زندہ باد” اور “پاک آرمی زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے گئے۔
ریلی کی قیادت اور سرپرستی پاکستان محافظ فورم مٹھی کے سینئر وائس پریزیڈنٹ پرکاش ولاسائی، صدر دسرت شرما، لجپت رائے، کریم فقیر، ہریش کمار اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر ڈیپلو کے مقامی رہنما بھی شریک ہوئے۔
رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور قومی اتحاد کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی ہی ملک دشمن عناصر کی سازشوں کا مؤثر جواب ہے۔ ریلی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ مختلف علاقوں سے لوگ مسلسل شریک ہوتے رہے۔



