جیل میں پروان چڑھنے والی محبت: بھارتی خاتون جیلر نے سابق قیدی سے شادی کرلی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)جیل میں پنپنے والی محبت اپنی منزل کو پہنچ گئی، خاتون جیلر نے قیدی کو اپنا دولہا بنا کر ہر کسی کو حیران کر دیا۔
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر ستنا کی سینٹرل جیل میں تعینات خاتون ڈپٹی جیلر نے ایک ایسے قیدی سے شادی کی جسے 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جوڑے کی شادی چھتر پور کے علاقے لوکش نگر کے ایک میرج گارڈن میں انجام پائی۔
فیروزہ نامی ڈپٹی جیلر نے 5 مئی کو ہندو رسم و رواج کے مطابق سابق قیدی دھرمیندر عرف ابھیلاش سے شادی کی جس نے چانڈلہ میونسپل کونسل کے نائب صدر کے قتل کے کیس میں 14 سال جیل کاٹی تھی اور 2020 میں رہا ہوا تھا۔
جب دھرمیندر عرف ابھیلاش اپنی سزا کاٹ رہا تھا اسی دوران دونوں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے تھے۔ ڈپٹی جیلر اس کی رہائی کا انتظار کر رہی تھیں تاکہ وہ شادی کے بندھن میں بندھ سکیں۔ فیروزہ اس وقت ستنا سینٹرل جیل میں بطور راؤنڈ آفیسر فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔
شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں فیروزہ کا کہنا تھا کہ دھرمیندر عرف ابھیلاش سے شادی کرنا ان کا ذاتی فیصلہ ہے، ہم اس شادی سے خوش ہیں، ہر انسان کو اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے۔
اس حوالے سے جیل سپرنٹنڈنٹ لینا کوسٹا نے بتایا کہ ڈپٹی جیلر فیروزہ تقریباً 10 دن کی چھٹی پر گئی ہوئی ہیں، ان کی شادی 5 مئی کو طے تھی، یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے اور وہ اپنی ازدواجی زندگی سے خوش ہیں۔



