بھارت اگلے پچھلے دونوں سندور کی تیاری کرلے، ہم بھی تیار ہیں!پاک فوج کا بھارتی گیدڑ بھبھکیوں پر جواب
معرکہ حق میں جو بھارت نے دیکھا وہ ہمارا10 سے15 فیصد تھا، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں پاک فوج قوم کی امنگوں پر پوری اتری، مغرور دشمن کو جنگ میں مکمل شکست دی، کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لاسکتا۔
معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر اہم پریس کانفرنس میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے جو حال کیا وہ بھارت کے بچے بھی جانتے ہیں، بھارت بتائے کس دہشتگرد کیمپ کو نشانہ بنایا؟ بھارت کا پاکستان پر دہشتگردی کے الزام کا ڈرامہ ہمیشہ کیلئے دفن ہوگیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت خود سب سے بڑا دہشتگرد ہے، خطے میں امن کیلئے پاکستان سب سے بڑا سفیر ہے، پہلگام واقعہ کے10منٹ بعد ایف آئی آر درج ہوئی، بھارت نے مساجد،سویلین اور عورتوں کو نشانہ بنایا، بھارتی رہنما سیاستدان کم اور جنگجو زیادہ لگتے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارتی سیاستدان اکھنڈ بھارت کا نعرہ لگاتے ہیں، بھارتی سیاستدانوں نے اگر یہی زبان استعمال کرنی ہے تو سامنے آئیں، بھارت کے کچھ اندرونی مسائل ہیں، بھارت اقلیتوں اور کشمیروں پر ظلم کرتا ہے، بھارت اپنے اندرونی مسائل کو بیرونی بناکر پیش کرتا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع مسئلہ ہے، بھارتی میڈیا ہمت کرکے سچ بولے، ہم اس وقت بھی تیار تھے اب بھی تیار ہیں، کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ کو کثیرالجہتی جنگ کہتے ہیں، یہ جنگ گلیوں،دیہات اور شہروں میں پہنچی ہے، یہ جنگ ہوا میں بھی ہے،سمندر،سائبر اور ذہنوں میں بھی، ہم نے بھارت کی جارحیت کا گھنٹوں میں مؤثر جواب دیا، دو جوہری طاقتوں میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، دو نیوکلیئر ریاستوں کے درمیان جنگ پاگل پن ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے عزم میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، اگر ہمارے عزم پر کسی کو شک ہے تو ابھی ہم نے ایک قسط دکھائی ہے، پاکستان کی فوج اور لیڈر شپ سب ایک ہیں، بھارت کی فوج کو سیاست کی بھینٹ چڑھادیا گیا، بھارتی سیاستدان اپنی فوج کو پروفیشنل بننے دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فیلڈمارشل دن رات بھارتیوں کے خواب میں آتے ہیں، معرکہ حق میں جو بھارت نے دیکھا وہ ہمارا 10 سے 15 فیصد تھا، اس بار 14اگست پر عظیم الشان پریڈہوگی، اپنی پاور پوٹینشل کی چھوٹی سی جھلک عوام کو دکھائیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن غضب للحق جاری ہے،وقت کے حساب سے وقفہ دیا تھا، افغانستان ہر قسم کے دہشتگردوں کی آماجگاہ ہے، افغانستان میں ہم نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کو سبق سکھایا تو اس نے سوکالڈ افغان وزیرخارجہ کوبلایا، افغان طالبان کہتے ہیں ہم اسلام کے پرچاری ہیں اور یاری بھارت سے لگائی، بھارت اور افغانستان بری طرح ایکسپوز ہوئے ہیں، خارجی نورولی کئی سال سے اسلام کے نام پر لوگوں کو بیوقوف بنارہا تھا۔



