تھرپارکر میں بڑھتی ہوئی منشیات اور چوریوں کیخلاف آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کا سخت مؤقف، ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے)آل پارٹیز ایکشن کمیٹی تھرپارکر کا ایک اہم اجلاس کنوینر ارباب انور جبار کی زیر صدارت ارباب ہاؤس مٹھی میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی اور قومپرست جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں جماعت اسلامی کے نائب امیر میر محمد بلیدی، تھر سٹیزن فورم کے صدر اوبھايو جونیجو، جے یو آئی کے امیر مولانا عزیز اللہ ساند، وکیل قربان علی سمیجو، تھر سجاگ سٿ کے رہنما فقیر ارشاد کنبھار، قومی عوامی تحریک کے رہنما وکیل شاہنواز ہنگورجو، ایس ٹی پی کے ضلعی صدر کامریڈ گھنشام مالہی، صحافی گلزار گل اوٹھو، مولانا اسلم ساند، مہتاب ہنجھرو اور دیگر بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران رہنماؤں نے تھرپارکر میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال، خصوصاً منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور چوری کی وارداتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ علاقہ اس وقت دوہرے بحران کا شکار ہے، جہاں ایک جانب منشیات نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے، جبکہ دوسری جانب چوریوں کے باعث عام شہری، بالخصوص مویشی پال طبقہ، عدم تحفظ کا شکار ہو چکا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ایک منظم نیٹ ورک کے تحت منشیات کی فراہمی جاری ہے، جو نہ صرف سماجی بگاڑ بلکہ امن و امان کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ رہنماؤں نے حالیہ دنوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سندھ کے مختلف علاقوں میں منشیات کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسی کارروائیاں تھرپارکر میں بھی تیز کی جائیں۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ضلع میں بڑے پیمانے پر ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے تاکہ منشیات کے اصل ڈیلرز، سپلائرز اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا نظام نافذ کرنے اور آئس، ٹھرو اور سفینہ جیسی خطرناک منشیات کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
چوریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ مویشی چوری روز کا معمول بن چکی ہے، جس سے غریب افراد کی روزی روٹی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بااثر افراد کی سرپرستی کے باعث کئی مجرموں کے خلاف کارروائی نہ ہونا قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے۔
اجلاس میں ایس ایس پی تھرپارکر کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا گیا کہ منشیات فروشوں اور چوروں کے خلاف بلا دباؤ فوری اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں، بصورت دیگر آل پارٹیز ایکشن کمیٹی پورے تھر میں احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔
آخر میں رہنماؤں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ تھرپارکر کو منشیات اور جرائم سے پاک بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ آنے والی نسل کو تباہی سے بچایا جا سکے اور علاقے میں پائیدار امن قائم ہو۔



