امریکا، پاکستان اور ایران میں بیک ڈور رابطے تیز، جنگ بندی کیلئے اہم پیش رفت،عرب میڈیا کا دعویٰ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے\ مانیٹرنگ ڈیسک)خطے میں بڑھتی کشیدگی کے دوران پسِ پردہ سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے اور جنگ بندی کے امکانات سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
عرب نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا، پاکستان اور ایران کے درمیان بیک وقت رابطے جاری ہیں جہاں مختلف تجاویز، شرائط اور ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ مذاکرات واشنگٹن، اسلام آباد اور تہران کے درمیان جاری ہیں، جن میں اہم نکات، شرائط اور ممکنہ ریڈ لائنز پر تفصیلی گفتگو ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی حکام کسی بھی ممکنہ معاہدے سے قبل ایران کے جوہری پروگرام کو مذاکراتی ایجنڈے میں سرفہرست رکھنے پر زور دے رہے ہیں، جبکہ ایرانی قیادت کا مؤقف ہے کہ سب سے پہلے ان کے سمندری راستوں پر عائد پابندیاں اور بحری ناکہ بندی ختم کی جائے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ مذاکرات میں پیش رفت کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں، تاہم صورتحال اب بھی نہایت نازک ہے اور کسی بھی غیر متوقع واقعے سے کشیدگی دوبارہ شدت اختیار کر سکتی ہے۔
سفارتی حلقوں میں یہ چہ مگوئیاں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اسرائیل اور امریکا ایک محدود دورانیے کی ممکنہ فوجی کارروائی پر غور کر رہے ہیں، جس کا مقصد ایران کو اپنی شرائط کے مطابق مذاکرات کی میز پر لانا ہو سکتا ہے۔



