پٹرول بم کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کا بڑا وار، کرائے 5 فیصد بڑھانے کا اعلان، دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے بڑا اعلان کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا، جبکہ مطالبات پر مقررہ مدت میں مؤثر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی بھی دے دی۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے 5 فیصد بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق گزشتہ 17 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے اور اسے فوری واپس لیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 8 اگست سے 17 اگست تک جاری رہنے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے چند مطالبات تسلیم کیے ہیں اور ان پر عمل درآمد بھی جاری ہے، تاہم بیشتر مطالبات اب بھی التوا کا شکار ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مطالبات پر پیش رفت کے لیے 40 دن کا وقت مانگا تھا، لیکن اگر مقررہ مدت کے دوران مطالبات پر مؤثر پیش رفت نہ ہوئی تو ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کا راستہ اختیار کریں گے۔

گڈز ٹرانسپورٹرز کے اعلان کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کرایوں میں اضافے کے اثرات اشیائے ضروریہ اور دیگر سامان کی ترسیل کے اخراجات پر بھی پڑ سکتے ہیں، جبکہ دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی صورت میں ملکی تجارت اور سپلائی چین بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button