بانی پی ٹی آئی جیسی سہولیات مانگ لی گئیں،اڈیالہ کے3قیدیوں نے آئینی عدالت سے رجوع کرلیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معاملہ ایک نئے قانونی موڑ میں داخل ہوگیا، اڈیالہ جیل کے 3 قیدیوں نے بھی اسی نوعیت کی طبی سہولیات کے حصول کیلئے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی آئینی عدالت نے تینوں درخواستوں کو الگ الگ نمبر بھی الاٹ کردیئے ہیں۔
درخواست گزاروں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں بھی بانی پی ٹی آئی کو دستیاب طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 25 تمام شہریوں کے ساتھ مساوی سلوک کا تقاضا کرتا ہے، جبکہ سپریم کورٹ کا متعلقہ حکم بھی تاحال نافذ العمل ہے۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا کہ 18 اگست کو سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل منتقل کرنے کے حکم کے تناظر میں ان کا علاج بھی شفا انٹرنیشنل اسپتال سے کرانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں درخواست گزاروں کو بھی بانی پی ٹی آئی کی طرز پر واٹس ایپ کے ذریعے بیرون ملک بات چیت کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی آئینی عدالت نے تینوں اپیلوں کو الگ الگ نمبر جاری کیے ہیں۔ پہلی اپیل کو 2050/2026، دوسری کو 2051/2026 جبکہ تیسری اپیل کو 2052/2026 نمبر الاٹ کیا گیا ہے۔
یوں اڈیالہ جیل کے تین قیدیوں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو حاصل سہولیات کی طرز پر طبی اور دیگر سہولیات کے حصول کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کے بعد معاملہ ایک نئے قانونی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔



