مٹھی: جمعیت علماءِ اسلام ضلع تھرپارکر کا اہم اجلاس، سندھ امن عالم کانفرنس 2027 کی بھرپور تیاریوں کا اعلان

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) جمعیت علماءِ اسلام (جے یو آئی) ضلع تھرپارکر کی ضلعی مجلسِ عمومی کا ایک اہم اجلاس تھر گیسٹ ہاؤس مٹھی میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی قیادت سمیت ضلعی اور تعلقہ سطح کے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس سے جنرل سیکریٹری صوبہ سندھ علامہ راشد محمود سومرو، امیر جماعت صوبہ سندھ مولانا عبدالقیوم ہالیجوی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں علامہ راشد محمود سومرو نے کارکنان سے کہا کہ سندھ امن عالم کانفرنس 2027 سکھر میں منعقد کی جائے گی، جس کے لیے تمام کارکنان ابھی سے بھرپور تیاریوں کا آغاز کریں اور زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ افراد کا عظیم الشان اجتماع منعقد کر کے عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔
انہوں نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے سندھ کو کھوکھلا کر دیا ہے، مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بدامنی، لوٹ مار اور چوری کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
تھرپارکر کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ ضلع کی اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ پینے کے صاف پانی کی شدید قلت بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھرپارکر میں ریلوے منصوبہ فوری طور پر شروع کیا جائے اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھر کا کوئلہ مقامی عوام کی ملکیت ہے اور علاقے کی معدنیات سے حاصل ہونے والے فوائد میں تھری عوام کو ان کا جائز حق دیا جائے۔ کارونجھر پہاڑ کو لیز پر دینے کے عمل کو انہوں نے نامناسب قرار دیتے ہوئے اس پر تحفظات کا اظہار کیا۔
مولانا سومرو نے کہا کہ جمعیت علماءِ اسلام پاکستان عالمی سطح پر متحرک جماعت ہے، جس کا منشور مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جماعت کی مرکزی قیادت کر رہے ہیں اور ہر میدان میں کارکنان کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
اجلاس سے مولانا صالح انڑھ، مولانا فتح محمد مہیری، انجینئر عبدالرزاق عابد لاکھو، سلیم سندھی، عبدالمالک ٹالپر، حاجی رفیق سومرو، اسامہ محمود ہالیجوی، مولانا انور سومرو، مولانا عزیزاللہ ساند، مولانا محمد اسلم ساند، مولانا تاج محمد سومرو، مولانا سکندر درس، محمد موسیٰ درس، ماسٹر عبدالرزاق نہڑی، مولانا عباس کلر، مولانا احسان فاروقی، مولانا عبدالعزیز نہڑی، مولانا رمضان نہڑی، مولانا محمد مشتاق جونیجو، قاری احمد علی درس، قاری عطاالرحمان بجیر اور مولانا عبدالحلیم بجیر سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، امن و امان اور امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جس کے بعد پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔



