بدین ضلعی انتظامیہ اور بدین پولیس کے باہمی تعاون سے”ڈرگ فری یوتھ” ایک روزہ آگاہی سیمینار کا انعقاد

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)بدین ضلعی انتظامیہ اور بدین پولیس کے باہمی تعاون سے "ڈرگ فری یوتھ” کے عنوان سے ایک روزہ آگاہی سیمینار کا انعقاد جیم خانہ ھال بدین میں کیا گیا، جس کا مقصد منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف شعور اجاگر کرنا اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھنا تھا سیمینار میں مقررین نے منشیات کے نقصانات، اس کے معاشرتی و ذہنی اثرات، اور اس میں مبتلا افراد کی بحالی (ری ہیبلیٹیشن) کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرہ ہی ترقی کی ضمانت ہے، اور اس کے لیے منشیات جیسے ناسور کا خاتمہ ناگزیر ہے مقررین نے کہا کہ منشیات نہ صرف ایک فرد بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کو تباہ کر دیتی ہے۔ نوجوان نسل ہمارا قیمتی سرمایہ ہے، اور ان کی صحیح رہنمائی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر آج ہم اپنے نوجوانوں کو اس لعنت سے بچا لیں، تو کل ایک مضبوط، تعلیم یافتہ اور باوقار معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں انہوں نے زور دیا کہ اساتذہ، والدین اور معاشرے کے دیگر ذمہ دار افراد کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کی مثبت تربیت پر خصوصی توجہ دیں، ان کے مسائل کو سمجھیں اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کریں۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو سختی سے نافذ کیا جائے
مقررین نے مزید کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ کا آغاز اپنے گھر سے کرنا ہوگا، جہاں والدین اپنی اولاد پر نظر رکھیں، ان کے دوستوں اور سرگرمیوں سے آگاہ رہیں۔ معاشرے کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ منشیات فروشوں کی نشاندہی کرے اور ان کا سماجی بائیکاٹ کرے تاکہ اس برائی کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو سکے اس موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدین پولیس منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور رواں سال منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں تیزی لائی گئی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ منشیات کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اور بدین پولیس اس مشن کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں میں استعمال کریں، تعلیم، کھیل اور ہنر کو اپنائیں اور منشیات جیسی تباہ کن عادتوں سے خود کو دور رکھیں ایس ایس پی بدین نے مزید کہا کہ منشیات میں مبتلا افراد کی بحالی کے لیے بدین میں ری ہیبلیٹیشن سینٹر کے قیام کے ضرورت ہے تاکہ متاثرہ نوجوانوں کو علاج، رہنمائی اور نئی زندگی کا موقع فراہم کیا جا سکے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے کہا کہ بدین پولیس منشیات فروشوں کے خلاف بہت ہی عمدہ کاروائیاں کرکہ رہی ہے اور اس موذی مرض سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے سیمینار میں ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی، ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ڈی ایچ او بدین ڈاکٹر ظہور احمد عباسی، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر محمد علی ملاح، ڈاکٹر محمد ہارون میمن، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر عبدالفتاح جونیجو، محمد خان سموں، مختلف این جی اوز کے نمائندگان، اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ایک منشیات سے پاک، محفوظ اور باشعور معاشرے کے قیام کے لیے تمام ادارے اور شہری مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔



