ڈیل ہوتے ہوتے رہ گئی، بااثر شخصیت کی خفیہ ملاقاتوں کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوٹ گیا

اسلام آباد: خصوصی رپورٹ (جانو ڈاٹ پی کے)ملک ریاض اور مقتدر حلقوں کے درمیان ایک بڑی ڈیل آخری لمحات میں ناکامی سے دوچار ہو گئی ہے جس کے بعد اقتدار کے گلیاروں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق محسن نقوی، آصف علی زرداری اور موجودہ چیئرمین نیب معاملات کو طے کرنے کے حق میں تھے اور اس حوالے سے پسِ پردہ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری تھا۔ ان ملاقاتوں کے دوران ایک انتہائی اہم ریاستی منصب دار، جو بیماری یا آرام کا بہانہ بنا کر رخصت پر تھے، خفیہ طور پر ملک ریاض سے رابطے میں تھے اور معاملات کو حتمی شکل دینے کی کوششوں میں مصروف پائے گئے۔
اس سنسنی خیز معاملے میں نیا موڑ اس وقت آیا جب ایک اور بااثر شخصیت نے ان خفیہ ملاقاتوں کے ناقابلِ تردید ثبوت حاصل کر لیے اور وہ تمام شواہد فیلڈ مارشل کے بھائی کے سامنے پیش کر دیے۔ یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ اس دوران کچھ اہم افراد ملک ریاض کی گاڑیوں میں گھومتے پھرتے پائے گئے جن کی تصاویر اور نقل و حرکت کی تفصیلات منظرِ عام پر آنے کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔ ان ثبوتوں کے سامنے آنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا اور کسی بھی قسم کی ڈیل پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی۔ اس تمام صورتحال نے جہاں ڈیل کے حامیوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے، وہی ملک ریاض کے گرد گھیرا مزید تنگ ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
تحریر: نہال ممتاز۔ ملک ریاض کی اس ڈیل کی ناکامی اور پس پردہ ہونے والی ان خفیہ ملاقاتوں کے حوالے سے سید عمران شفقت کا یہ سنسنی خیز وی لاگ مکمل دیکھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔




