’’زمین نہیں دیں گے‘‘تھرپارکر میں دیہاتیوں کا احتجاج، پولیس ایکشن، گرفتاریاں اور مقدمات

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی\جانوڈاٹ پی کے) تھرکول بلاک ون کی حدود میں گاؤں وروائی کے رہائشیوں کو بے دخل کرکے گاؤں مہاوو کے ٹَڑ میں بسانے کے خلاف دیہاتی سراپا احتجاج بن گئے۔ گزشتہ روز دوپہر کے شدید گرم موسم میں مظاہرین نے بھرپور احتجاج کیا اور زمینوں پر زبردستی قبضہ کرنے آئے پولیس اہلکاروں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے۔ سینکڑوں خواتین، بچے اور مرد آسمان کو چھوتی فریادیں کرتے رہے کہ ان پر ظلم بند کیا جائے، جبکہ اس دوران کشیدگی میں بھی اضافہ ہوتا گیا۔

شدید گرمی اور پولیس کے دباؤ کے باعث ایک خاتون بے ہوش ہو گئی، جسے فوری طور پر اسلام کوٹ کے اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسلام کوٹ پولیس نے کول انتظامیہ اور اس کے معاونین کی حمایت کرتے ہوئے 38 دیہاتیوں کے خلاف 3 الگ الگ ایف آئی آر درج کر لیں، جبکہ مختلف دیہاتوں میں چھاپے مار کر تقریباً 10 افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

دریں اثنا، اس واقعے کی رپورٹنگ کرنے پر اسلام کوٹ پولیس نے صحافی فقیر بشیر کے گھر پر چڑھائی کی، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، اور ایک مقدمہ درج کرکے انہیں مبینہ طور پر 2 گھنٹے تک تشدد کا نشانہ بنایا۔

اسلام کوٹ پولیس کی اس مبینہ کارروائی کے خلاف تھرپارکر کے باشعور اور متحرک سماجی حلقے سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ انہوں نے پولیس کو خبردار کیا ہے کہ وہ سابق ایس ایچ او حسین بخش راجڑ کے واقعات سے سبق سیکھے اور غریب عوام کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کرے۔

مزید خبریں

Back to top button