بالائی سندھ میں آندھی اور گرد آلود طوفان کا الرٹ جاری، پی ڈی ایم اے کی پیشگی اقدامات کی ہدایت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پی ڈی ایم اے سندھ نے بالائی سندھ میں آندھی اور مٹی کے طوفان کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ کے مطابق محکمہ موسمیات پاکستان نے پیشگوئی کی ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 2 مئی کی شام کو ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے زیر اثر 2 اور 3 مئی کو بالائی سندھ میں گرد آلود آندھی اور مٹی کے طوفان کا امکان ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ تیز ہوائیں کمزور انفراسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی نظام کے باعث ملک کے میدانی علاقوں میں جاری شدید گرمی کی لہر میں کمی بھی متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کی دیکھ بھال کریں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں مشیر برائے بحالی گیانچند ایسرانی کی ہدایات پر تمام عملہ الرٹ کر دیا گیا ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



