پاک فضائیہ دشمن کو دندان شکن جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) دفاع وطن کے جذبے سے سرشار پاک فضائیہ دشمن کو دندان شکن جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
معرکۂ حق میں پاک فضائیہ نے جرات وبہادری کی وہ نئی تاریخ رقم کی جس کی ہیبت پوری دنیا نے محسوس کی۔
معرکہ حق سے قبل پاک فضائیہ نے 3 روزہ بھرپور جنگی مشقوں ’’ضربِ حیدری‘‘ کا آغاز کیا، ان مشقوں کا مقصد پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کو حتمی شکل دینا اور کسی بھی ممکنہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا تھا، مشقوں میں جے ایف 17 تھنڈراور ایف 16 سمیت مختلف لڑاکا طیاروں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر پاک فضائیہ نے آپریشنل ایئربیسز کو فعال کیا، جنگی طیاروں کی تعیناتی کا مقصد مسلح افواج کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنا اور بھارت کو ممکنہ مہم جوئی کے سنگین نتائج سے خبردارکرنا تھا۔
معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے ثابت کیا کہ وہ رافیل جیسے کسی بھی جدید طیارے کو تباہ کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے
دفاعی ماہرین کے مطابق پہلگام فالس فلیگ کے بعد پاک فضائیہ نے مشقوں اور سٹریٹجک حکمت عملی سے دشمن پر واضح کر دیا تھا کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معرکہ حق کے دوران پاک فضائیہ نے دشمن کے جنگی طیاروں کو فضا میں تباہ کر کے دفاعِ وطن کی تاریخ میں ایک سنہرے باب کا اضافہ کیا۔



