شاہ رخ خان کی فلم Kingکی ریلیز کی تاریخ کا اعلان،مداحوں میں خوشی کی لہر

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی وڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان خصوصی ٹیزر کر دیا گیا جس سے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
انڈین میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ بالی وڈ کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں سے ایک ہے۔ مداحوں کی حیرت اور خوشی کی انتہا نہ رہی جب ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے ایک خصوصی ٹیزر کے ساتھ اس کی ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کیا۔
انسٹاگرام پر ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے ٹیزر شیئر کیا جس کے کیپشن میں لکھا ہے: ’ایک ایسی دھاڑ جو پوری سلطنت کو ہلا کر رکھ دے۔ کنگ 24 دسمبر 2026 کو آ رہی ہے‘۔
اس خبر کے آتے ہی مداحوں نے کمنٹ سیکشن میں اپنے جوش و خروش کا اظہار شروع کیا اور کنگ خان کو بڑی اسکرین پر دیکھنے کیلیے اپنی بے تابی ظاہر کی۔
سدھارتھ آنند کی تحریر اور ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو گوری خان، سدھارتھ آنند اور ممتا آنند نے ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور مارفلکس پکچرز کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم کی کاسٹ انتہائی شاندار ہے جس میں شاہ رخ خان کے علاوہ سہانا خان، دپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، انیل کپور، جیکی شروف، ارشد وارثی اور رانی مکھرجی جیسے ستارے نظر آئیں گے۔
بڑے ستاروں کی موجودگی اور ہالی وڈ طرز کے اسٹنٹ ڈیزائن کی وجہ سے ’کنگ‘ کو اب تک کی بھارت کی مہنگی ترین فلموں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے، اس کا ممکنہ بجٹ تقریباً 350 کروڑ روپے ہے۔



