54 برس کی عمر پر فخرہے، نادیہ جمیل کا خود سے محبت کا پیغام

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)شوبزانڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے اپنی عمر بتا کر مداحوں کو حیران کردیا۔
نادیہ جمیل کا شمار پاکستان کی مایہ ناز اداکاراؤں میں ہوتا ہے کہ انہوں نے متعدد ہٹ ڈرامہ سیریل میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
وہ بہادر خاتون جنہوں نے کینسر کو بھی شکست دی ہے۔
حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی اور اس دوران اپنی عمر کے بارے میں انکشاف کیا اور خود سے محبت کے موضوع پر بات کی۔
نادیہ جمیل نے کہا کہ میں اس سال 54 برس کی ہوجاؤں گی، مجھے اپنی عمر پر بہت فخر ہے اور میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ میں نے 50 سال کی عمر مکمل کی ہے کیونکہ آج کل کے دور میں بوڑھا ہونا خود ایک کامیابی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ہم وہ خواتین ہیں جنہوں نے خود سے محبت کرنا سیکھ لیا ہے، میرا اللہ کے ساتھ ایک مضبوط رشتہ ہے، اللہ کے سوا مجھے کسی کی ضرورت نہیں، یہ بات میں ایک ماں ہونے کے ناطے بھی کہہ رہی ہوں، اللہ ہمارے بچوں کو صحت دے، لیکن ان کی اپنی آزاد زندگی ہے۔
نادیہ جمیل نے مزید کہا کہ رشتے ضرورت کی بنیاد پر نہیں بلکہ محبت اور احترام پر قائم ہونے چاہئیں اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب انسان خود کو عزت اور محبت دے۔



