راجپال یادیو نے اہلیہ سے شادی پر ’لنگور کو حور‘ والا دلچسپ قصہ سنا دیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے معروف اداکار راجپال یادیو نے انکشاف کیا ہے کہ جب رادھا سے شادی ہوئی تو خالہ اکثر کہا کرتی تھیں کہ ’لنگور کو حور‘ مل گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار راجپال یادیو نے حالیہ انٹرویو میں اہلیہ رادھا کو اپنی بیک بون قرار دیا اور محبت کی کہانی بیان کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کیلگری میں ملے تھے آج بھی مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اترپردیش کے شخص کو وہاں جیون ساتھی کیسے مل گیا لیکن یہ سب بہت خوبصورت رہا اس وقت اندازہ نہیں تھا کہ وہ میری بیک بون بن جائیں گی۔

راجپال یادیو نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میری خالہ کہا کرتی تھیں کہ لنگور کو حور مل گئی ہے اور مجھے بھی ایسا ہی محسوس ہوتا تھا۔

اداکار نے کہا کہ میں نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کی بات کی ہے، ماں سے لے کر ایک ساتھی تک خواتین آپ کی زندگی سنوارنے میں مختلف کردار ادا کرتی ہیں، اہلیہ کی وجہ سے مسکراتا ہوں اور آج جو کچھ بھی ہوں ان کی دعاؤں کی وجہ سے ہی ہوں۔

راجپال یادیو نے کہا کہ رادھا میرے کام پر رائے دیتی ہیں اور تنقید کرتے ہوئے پوچھتی ہیں کہ کیا آپ کو یہ فلم کرنی چاہیے تھی کیونکہ وہ خوشامد پر یقین نہیں رکھتیں، کوئی چیز پسند نہیں آتی تو کھل کر کہہ دیتی ہیں۔

انہوں نے سسر کا قصہ سناتے ہوئے کہا کہ سسر نے میری جو پہلی تصویر دیکھی وہ فلم ’جنگل‘ کی ایک جھلک تھی جس میں بال کھڑے تھے اور ہاتھ میں بندوق تھی، وہ اسے دیکھ کر حیران رہ گئے تھے لیکن جب وہ مجھ سے ذاتی طور پر ملے تو انہیں احساس ہوا کہ میں ایک عام انسان ہوں، وہ تو محض ایک کردار تھا۔

مزید خبریں

Back to top button