این ہیتھ وے کا انٹرویو میں "انشا اللہ” کہنا سوشل میڈیا پر وائرل

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ این ہیتھ وے ایک دلچسپ لمحے کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، جہاں انہوں نے گفتگو کے دوران ’انشا اللہ‘ کا لفظ استعمال کیا اور یہی جملہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔

عالمی شہرت یافتہ اداکارہ، جنہوں نے اپنے کیریئر میں کئی بڑی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے، پہلی بار ’دی پرنسز ڈائری‘ کے ذریعے شہرت کی بلندیوں تک پہنچیں۔ اس کے بعد وہ متعدد کامیاب اور ایوارڈ یافتہ فلموں کا حصہ رہیں اور آج بھی فلمی دنیا میں متحرک ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران، جو انہوں نے ’پیپل میگزین‘ کو دیا، این ہیتھ وے بڑھتی عمر اور زندگی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کر رہی تھیں۔ اسی دوران انہوں نے بے ساختہ کہا کہ وہ ’انشا اللہ‘ ایک لمبی اور صحت مند زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان یا تو بڑھاپے سے خوفزدہ رہتا ہے یا کم عمری میں زندگی ختم ہونے کے خیال سے، اس لیے بہتر ہے کہ زندگی کو مثبت انداز میں قبول کیا جائے۔

اداکارہ کا یہ سادہ مگر اثر انگیز جملہ مداحوں کے دلوں کو چھو گیا اور ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا صارفین نے نہ صرف ان کے انداز کو سراہا بلکہ کئی لوگوں نے اسے خوبصورت اور با معنی اظہار قرار دیا۔

کچھ مداحوں نے مزاحیہ انداز میں انہیں ’بہن این‘ کا لقب دے دیا، جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ وہ اس لفظ کی اہمیت اور خوبصورتی کو بخوبی سمجھتی ہیں۔ اس طرح ایک عام سی گفتگو کا ایک لمحہ عالمی سطح پر توجہ حاصل کرنے کامیاب ہوگیا۔

 یاد رہے کہ این ہیتھ وے کو ’پیپل میگزین‘ نے 2026 کی سب سے خوبصورت اداکارہ قرار دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button