ایران جنگ کی مخالفت: ایرانی نژاد امریکی رکن کانگریس یاسمین انصاری کو دھمکیاں

نیویارک(ویب ڈیسک) ایران جنگ کی مخالفت کے بعد ایرانی نژاد امریکی رکن کانگریس یاسمین انصاری کو دھمکیاں ملنے لگیں۔
امریکی رکن کانگریس یاسمین انصاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس اکاونٹ پر دھمکیاں ملنے کی تصدیق کی ہے۔
یاسمین انصاری نے کہا کہ ایران جنگ کے آغاز کے بعد سے مجھے، میرے خاندان اور عملے کو دھمکیوں کا سامنا ہے، میرے خلاف جعلی اور اے آئی سے تیار کردہ تصاویر پھیلائی گئیں اور میری شہریت سے متعلق بھی بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھمکیاں پیٹ ہیگستھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کے بعد مزید شدت اختیار کر گئیں، دھمکیاں نفرت انگیز، نسل پرستانہ اور خواتین مخالف بیانیے پر مبنی ہیں۔
یاسمین انصاری نے مزید کہا کہ مجھ پر حملے ایک ناکام اور غیر قانونی جنگ سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں، تنقید کو قبول کرتی ہوں لیکن خاندان اور عملے کے خلاف دھمکیاں ہرگز برداشت نہیں، امریکی صدر اور وزیر جنگ کی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرتی رہوں گی۔



