ٹرمپ کی جنگ بندی میں توسیع کی کوئی اہمیت نہیں، سپیکر ایرانی پارلیمنٹ

تہران(ویب ڈیسک) سپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف کے مشیر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ بندی میں توسیع کرنے کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
اپنے بیان میں مشیر سپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے کہا کہ ہارنے والا فریق شرائط کا حکم نہیں دے سکتا، ناکہ بندی کا تسلسل بمباری سے مختلف نہیں اور اس کا جواب فوجی ردعمل کے ساتھ ہونا چاہیے۔
باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا جنگ بندی میں توسیع کا اعلان سرپرائز حملے کیلئے وقت لینا ہے، ایران کو ضروری اقدامات کرنے چاہئیں، وقت آ گیا ہے کہ ایران خود پہل کرے اور اپنی حکمت عملی کو آگے بڑھائے۔
ایران کی جانب سے یہ اہم بیان ایک ایسے وقت میں جاری ہوا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یک طرفہ طور پر جنگ بندی میں توسیع کی۔
ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر ایران پر حملہ فی الحال مؤخر کیا جا رہا ہے تاکہ ایرانی قیادت اور نمائندے متفقہ تجویز پیش کر سکیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی میں اس وقت تک توسیع برقرار رہے گی جب تک ایران کی جانب سے تجویز پیش نہیں کی جاتی اور مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ جاتے، امریکی فوج کو ہدایت دی ہے کہ ایران کے خلاف ناکہ بندی جاری رکھی جائے اور دیگر تمام معاملات میں مکمل طور پر تیار رہا جائے۔



