تھرپارکر میں میٹرک و انٹر امتحانات کے دوران سخت اقدامات، نقل کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی\جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ضلع بھر میں 21 اپریل 2026 سے شروع ہونے والے ہائر سیکنڈری سرٹیفکیٹ پارٹ ون اور ٹو (گیارہویں اور بارہویں جماعت) کے سالانہ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام اور امتحانی عمل کو صاف و شفاف بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق تمام امتحانی مراکز کے اطراف غیر متعلقہ افراد کی آمد و رفت اور داخلے پر پابندی عائد ہوگی، جبکہ اس سلسلے میں ڈویزنل کمشنر میرپورخاص کی جانب سے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے، جس کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ طالبات کے امتحانی مراکز میں صرف خواتین عملہ تعینات ہوگا اور کسی بھی مرد کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے خواتین پر مشتمل ویجیلنس کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو امتحانات کے دوران جاری پرچوں کی نگرانی کریں گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ امتحانی مراکز کی سخت نگرانی کریں تاکہ نقل سمیت دیگر غیر قانونی طریقوں کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ امتحانی مراکز میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور نقل کلچر کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ اگر کوئی شخص نقل یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ امتحانات کے دوران فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں مکمل طور پر بند رکھی جائیں گی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق نقل کا رجحان ہماری نوجوان نسل کو دیمک کی طرح کھا رہا ہے، اس لیے کوشش کی جا رہی ہے کہ نقل کلچر کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ طلبہ اپنی محنت سے امتحانات میں کامیابی حاصل کریں۔ واضح رہے کہ امتحانی مراکز میں امتحان دینے والے طلبہ اور وہاں ڈیوٹی انجام دینے والے عملے کے موبائل فون کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔



