ضلع بھر میں کھیلوں کے میدان آباد کیے جائیں گے:صادق ميمن

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاويد لطيف ميمن/جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر و رکن قومی اسمبلی صادق علی میمن نے کہا ہے کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہیں اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے، جس سے نہ صرف ان کی صلاحیتیں نکھرتی ہیں بلکہ وہ منفی رجحانات سے بھی دور رہتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر میں کھیلوں کے میدان آباد کیے جائیں گے اور ہر شہر میں اسٹیڈیم کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

یہ بات انہوں نے گاؤں ولی داد جوکھیو میں جئے جیلانی کرکٹ ٹیم گجو اور رئیس حاکم الدین جوکھیو کے مشترکہ تعاون سے شہید رئیس تاج محمد جوکھیو اور شہید عبدالجلیل میمن کی یاد میں منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ٹورنامنٹ کا فائنل انتہائی سنسنی خیز رہا جس میں جھولے لال الیون نے ساجن الیون جنگشاہی کو شکست دے کر مسلسل چوتھی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔

فائنل میچ میں ساجن الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 8 اوورز میں 113 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو مشکل ہدف دیا، جواب میں جھولے لال الیون نے اویس بھٹی اور اسامہ بھٹی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آخری گیند پر ہدف حاصل کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلیں.

اختتامی تقریب میں پ پ تحصیل ٹھٹھہ کے صدر عبدالحمید سومرو، رئیس حاکم الدین جوکھیو، یو سی گجو کے چیئرمین لونگ خان جوکھیو، سلیم گندرو، انجینئر نصیر احمد جوکھیو، ممتاز علی میمن، رئیس حاتم جوکھیو، حیدر خاصخیلی، عامر گندرو، مصطفیٰ خاصخیلی، جونیئر رئیس تاج محمد جوکھیو، آرگنائزر راجا میمن، امیر شاہ اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں جبکہ مہمانوں کو روایتی اجرکیں اور لنگیاں پہنائی گئیں۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوران شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں ضلع بھر کی 24 ٹیموں نے بھرپور شرکت کی تھی.

مزید خبریں

Back to top button