وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کا عالمی یومِ ثقافتی ورثہ پر اہم پیغام

میرپورخاص (شاھدمیمن\جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت کے وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ نے عالمی یومِ ثقافتی ورثہ کے موقع پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کی دھرتی عظیم تہذیبوں کا گہوارہ ہے اور اپنے ورثے کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ موہن جو دڑو اور مکلی جیسے عالمی ورثے سندھ کا فخر اور ہماری پہچان ہیں جبکہ سندھ کے قدیم آثارِ قدیمہ اور تاریخی مقامات کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیر ثقافت نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق ثقافت کا فروغ ہمارا مشن ہے اور ثقافتی ورثہ کسی بھی قوم کی تاریخ کا سب سے اہم اور تابناک باب ہوتا ہے۔سید ذوالفقار علی شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت تاریخی مقامات کو سیاحت کے لیے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ قدیم موسیقی کے آلے ’بوروئنڈو‘ کی یونیسکو میں شمولیت سندھ کی بڑی کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ ہیریٹیج ڈے کا مقصد اپنے آباؤ اجداد کی چھوڑی ہوئی نشانیوں کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہے۔

وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کے قلعوں، درگاہوں اور قدیم عمارتوں کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے اور عالمی ماہرین آثارِ قدیمہ کے ساتھ مل کر سندھ کے ورثے کو مزید دریافت کر رہے ہیں۔ نوجوان نسل کو اپنے ورثے سے جوڑنے کے لیے تعلیمی اداروں میں پروگرامز ترتیب دیے جا رہے ہیں جبکہ ثقافت، سیاحت اور نوادرات کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات متعارف کروا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button