ڈی سی گھوٹکی کے امتحانی مراکز کے دورے، انٹرمیڈیٹ امتحانات کی شفافیت کیلئے سخت اقدامات، کاپی کلچر کے خاتمے کا عزم

گھوٹکی(وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے ضلع بھر میں جاری انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران شفافیت اور نقل کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے میرپور ماتھیلو اور ڈہرکی کے امتحانی سینٹرز کا معائنہ کرتے ہوئے امتحانی عمل، سیکیورٹی انتظامات اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کیں کہ امتحانات میں شفاف ماحول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور نقل کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بہتر تعلیم کے بغیر کسی بھی قوم کی ترقی ممکن نہیں، جبکہ کاپی کلچر معاشرے کے لیے ایک ناسور ہے جس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
ڈپٹی کمشنر منظور احمد کنرانی نے کہا کہ نقل کے ذریعے حاصل کی گئی کامیابی وقتی فائدہ دیتی ہے لیکن اس کے طویل المدتی نقصانات طلبہ کے مستقبل کو متاثر کرتے ہیں۔
انہوں نے اساتذہ کے کردار کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں نقل کی روک تھام میں اساتذہ بنیادی ذمہ داری ادا کرتے ہیں اور انہیں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت فوٹو کاپی دکانوں کی بندش اور غیر ضروری ہجوم پر پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ انتظامیہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کر رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے طلبہ کو پیغام دیا کہ وہ محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ آج کے نوجوان ہی ملک کے مستقبل کے معمار ہیں۔



