سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ: فی تولہ سونا 5 لاکھ روپے کی حد عبور کر گیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے زیورات کی خریداری مزید مہنگی ہو گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں 24 قیراط فی تولہ سونا 1400 روپے اضافے کے بعد 5 لاکھ 4 ہزار 862 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونا بھی 1200 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 32 ہزار 837 روپے کا ہو گیا ہے۔ گزشتہ تین دنوں میں مجموعی طور پر فی تولہ سونا 9500 روپے مہنگا ہوا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں فی تولہ چاندی 110 روپے بڑھ کر 8 ہزار 514 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں فی اونس سونا 14 ڈالر بڑھ کر 4825 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال اور کرنسی مارکیٹ کے دباؤ کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہ سکتا ہے۔



