پاکستان کی عالمی مالیاتی محاذ پر بڑی پیش رفت: اے ڈی بی، آئی ایم ایف اور عالمی اداروں سے اہم معاہدے اور تعاون میں اضافہ!

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاسوں کے موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتو کاندا سے ملاقات کی، جس میں مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹیجی کو اہم سنگِ میل قرار دیا اور پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے جائزوں میں مثبت پیش رفت کی امید ہے، سپلائی شاک سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات جاری ہیں، سٹیٹ بینک کے ساتھ معاشی اثرات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے وزیراعظم کی جانب سے صدر اے ڈی بی کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے واشنگٹن میں ملاقات کی جس میں عالمی معاشی چیلنجز اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ترقی پذیر ممالک میں خوراک اور توانائی کے تحفظ پر گفتگو کی گئی، عالمی حالات کے معیشت پر اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ کی جانب سے بورورز پلیٹ فارم کے اجرا پر تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
فِچ ریٹنگز سے ملاقات
واشنگٹن میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فِچ ریٹنگز سے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان کی کریڈٹ پروفائل پر فِچ کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، فِچ کی جانب سے پاکستان کی B- ریٹنگ برقرار پر وزیر خزانہ کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرامز پر سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا، پاکستان کی معاشی اصلاحات پر عالمی اداروں کا اعتماد برقرار ہے، مالی سال 2026 کیلئے بیرونی فنانسنگ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔
پاکستان نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں فعال موجودگی برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پانڈا بانڈز، یورو بانڈز اور سکوک کے ذریعے فنڈنگ حکمت عملی جاری ہے، ای ایس جی سے منسلک بانڈز کے اجرا پر بھی حکومت کا فوکس ہے۔
فرینکلن ٹیمپلٹن کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات
واشنگٹن میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فرینکلن ٹیمپلٹن کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی جس میں نجکاری اور کیپٹل مارکیٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ نے وفد کو حکومت کے جاری نجکاری پروگرام پر بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ 29 سرکاری ملکیتی اداروں کو نجکاری کمیشن کے حوالے کیا جا چکا، اسلام آباد، کراچی اور سیالکوٹ ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کی جا رہی۔
محمد اورنگزیب نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر بھی روشنی ڈالی، کیپٹل مارکیٹس کے حوالے سے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام پر بات چیت کی گئی، لیڈ منیجرز کے انتخاب کیلئے آئندہ ریکویسٹ فار پروپوزلز بارے آگاہ کیا
پاکستان کی عالمی کیپٹل مارکیٹس میں واپسی کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی باضابطہ طور پر قائم کی جا چکی ہے، بائنانس اور دیگر ورچوئل اثاثہ سروس فراہم کنندگان کو نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے ہیں، سٹیٹ بینک نے 2018 میں کرپٹو کرنسی لین دین کیلئے بینکاری ذرائع کے استعمال پر عائد پابندی واپس لے لی ہے۔
انہوں نے سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے حکام کیلئے ایک منظم تربیتی پروگرام کے قیام میں گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔
جے پی مورگن چیس کے سینئر نمائندگان سے ملاقات
وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاسوں کے موقع پر جے پی مورگن چیس کے سینئر نمائندگان سے بھی ملاقات کی۔
وزیر خزانہ نے اس امر کا عندیہ دیا کہ پاکستان تقریباً چار سال کے وقفے کے بعد بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں دوبارہ داخلے کی تیاری کر رہا ہے، انہوں نے جے پی مورگن ٹیم کو پاکستان کے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ (GMTN) پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا، جس کے تحت قریبی مدت میں روپے سے منسلک، ڈالر میں نامزد مالیاتی آلات کے اجرا کی توقع ہے۔
انہوں نے مزید ٹیم کو ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کے ساتھ طے پانے والے کاؤنٹر انڈیمنٹی معاہدوں کے بارے میں بریفنگ دی، جو پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کی معاونت کیلئے کئے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے فراہم کی گئی مالی معاونت کو سراہا۔
محمد اورنگزیب نے جے پی مورگن ٹیم کو یقین دہانی کرائی کہ اجلاس کے دوران پیش کی گئی مختلف مالیاتی تجاویز اور مارکیٹ آپشنز کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔



