ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہونے کے قریب ہے، امریکی صدر کا دعویٰ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہونے کے قریب ہے۔

فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تہران کسی بھی طرح معاہدہ کرنا چاہتا ہے، مداخلت نہ کرتا تو اس وقت ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے، انہیں ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اس سے قبل امریکی صدر نے ایران کے ساتھ اگلے مذاکرات بھی پاکستان میں ہونے کا واضح اشارہ دے دیا۔

نیویارک پوسٹ کو انٹرویو میں کہا کہ ایران سے مذاکرات کا اگلا دور پاکستان میں آئندہ 2 روز میں ہو سکتا ہے، امریکی میڈیا کو وہاں ہونا چاہیے، پاکستان کے فیلڈ مارشل بہت اچھا کام کر رہے ہیں، وہ لاجواب ہیں، اس لئے زیادہ امکان ہے کہ ہم پاکستان چلے جائیں۔

تہران پاکستان میں مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کیلئے آمادہ

دوسری جانب تہران پاکستان میں مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کیلئے آمادہ ہوگیا ہے، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات کیلئے ایران کی ترجیح پاکستان ہی ہوگا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے پہلے دور کے بعد ایرانی پارلیمان کے سپیکر اور وزیر خارجہ دونوں نے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تاحال مذاکرات کے وقت کے حوالے سے حتمی معلومات سامنے نہیں آئیں کہ آیا آئندہ دنوں میں کوئی پیش رفت ہوگی یا نہیں۔

تاہم ذرائع کے مطابق اور گردش کرنے والی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایرانی حکام ایک تکنیکی ٹیم کے ساتھ امریکی نمائندوں سے ملاقات کے لئے تیار ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان موجود اختلافات کو کم کیا جا سکے۔

دریں اثناء امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ بندی سے پہلے اگر ایران سے ایک اور میٹنگ ہوئی تو اس کی ممکنہ قیادت نائب امریکی صدر جے ڈی وینس ہی کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی وفد میں صدر ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیووٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button