ماتلی: کمشنر حیدرآباد اور ڈی آئی جی کا انسداد پولیو مہم کا تفصیلی دورہ

ماتلی (رپورٹ ایم آر گدی جانو ڈاٹ پی کے) کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو کے ہمراہ ماتلی کا دورہ کرتے ہوئے جاری انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے ماتلی کے مختلف علاقوں، مین بس اسٹاپ اور تعلقہ ہسپتال کا دورہ کر کے پولیو ٹیموں کی کارکردگی، بچوں تک رسائی اور مہم کے مجموعی انتظامات کا معائنہ کیا، افسران نے فیلڈ میں موجود پولیو ورکرز اور سپروائزری اسٹاف سے ملاقاتیں کرتے ہوئے درپیش مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں، کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے اور اس کے لیے مربوط حکمت عملی اور تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ انتہائی ضروری ہے، انہوں نے محکمہ صحت اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران سو فیصد کوریج کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، دورے کے موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ثوبان رانجھا، ڈی ایس پی ماتلی طارق لطیف خانزادہ، مختیار کار ماتلی مصیب جونیجو، میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر گلاب کشمیری اور دیگر افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے مہم کے انتظامی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔



