سندھ میں جدید ٹرانسپورٹ انقلاب! نئی بسیں، روٹس اور خواتین کیلئے خصوصی سہولیات کا اعلان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے صوبے میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے بڑے فیصلے کرتے ہوئے نئی بسوں، نئے روٹس اور خواتین کیلئے خصوصی سہولیات متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکھر تا شکارپور پیپلز بس سروس آئندہ ہفتے شروع کی جائے گی، جبکہ حیدرآباد اور سکھر میں خواتین کیلئے پنک اسکوٹیز فراہم کرنے کی تقریبات بھی جلد ہوں گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کراچی کے بعد دیگر شہروں میں بھی یہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال کیلئے الیکٹرک (EV)، ہائبرڈ اور ڈبل ڈیکر بسوں کی خریداری کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

حیدرآباد کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کے تحت حیدر چوک تا کوہسار اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر بھی جلد بس سروس شروع کی جائے گی۔

مزید برآں خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور روٹس پر بھی پیپلز بس سروس چلانے کا منصوبہ ہے، جبکہ ای وی ٹیکسی اور پنک ٹیکسی سروس کیلئے چارجنگ انفراسٹرکچر پر تیزی سے کام جاری ہے۔

شرجیل میمن کے مطابق ای وی ٹیکسی سروس جلد متعارف کروائی جائے گی، جس سے نہ صرف شہریوں کو سہولت ملے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button